’سب سے زیادہ ٹیکس جہانگیر ترین نے دیا‘
پاکستان کے پارلیمان کے ارکان میں ایسے افراد بھی ہیں جو سالانہ کروڑوں روپے ٹیکس کی مد میں ادا کرتے ہیں لیکن ایسے ممبران بھی ہیں جنھوں نے چند سو روپے ٹیکس جمع کرایا ہے۔
پاکستان میں ٹیکس کی وصولی کے وفاقی ادارے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کی جاری کردہ ڈائریکٹری میں سب سے زیادہ ٹیکس پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین نے ادا کیا جبکہ سب سے کم ٹیکس پاکستان پیپلزپارٹی کے ممبر سندھ اسمبلی فیاض علی بٹ نے ادا کیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق حلقہ 154 سے منتخب ہونے والے جہانگیر خان ترین نے پانچ کروڑ 36 لاکھ 77 ہزار 426 روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ سندھ اسمبلی کے حلقہ 77 سے منتخب ہونے والے فیاض علی بٹ نے ایک ہزار95 روپے ٹیکس ادا کیا۔
ایف بی آر کی فہرست میں صوبائی اسمبلیوں کے ممبران، خواتین کی مخصوص نشتوں، اقلیتوں کے نمائندوں اور ممبرانِ قومی اسمبلی کے ٹیکس کے اعداد وشمار شامل ہیں۔
ڈائریکٹری کے مطابق پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد نواز شریف نے 25 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ ٹیکس جمع کرایا اور اُن کے چھوٹے بھائی اور پنجاب کے وزیرِ اعلی محمد شہباز شریف نے 95 لاکھ سے زیادہ ٹیکس جمع کرایا جبکہ شہباز شریف کے صاحبزادے اور نواز شریف کے بھتیجے حمزہ شہباز شریف نے 70 لاکھ سے زیادہ ٹیکس ادا کیا ہے۔
حزبِ اختلاف کی جماعتوں میں پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک لاکھ 59 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ نے سوا لاکھ سے کم ٹیکس ادا کیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے 40 ہزار سے کم، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے 35 ہزار روپے سے کم اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد نے پانچ لاکھ چھ ہزار سے کم ٹیکس ادا کیا۔
’سب سے زیادہ ٹیکس جہانگیر ترین نے دیا‘
Reviewed by bazid ahmad
on
July 05, 2017
Rating:

No comments: